جنرل راحیل شریف کی پاکستان کی بری فوج کی سربراہ کے عہدے پر تقرری کی صورت میں ’سپر سیڈ‘ ہونے والے سب سے سینیئر لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم نے استعفی دے دیا ہے۔
عسکری ذرائع نے بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ جنرل ہارون نے افواجِ پاکستان کی روایت پر عمل کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
انھیں اپنی مدتِ ملازمت کی تکمیل پر آئندہ برس ریٹائر ہونا تھا۔
ذرائع کے مطابق انھوں نے جمعرات کو جنرل اشفاق پرویز کیانی کی زیرِ صدارت ہونے والے کور کمانڈرز کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی۔
وہ بدھ کی شب اپنے عہدے کی معیاد ختم ہونے پر پاکستانی فوج کو خیرباد کہنے والے چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے اعزاز میں وزیراعظم پاکستان کی جانب سے دیے جانے والے عشائیے میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم جنرل اشفاق کیانی کے بعد پاکستانی فوج کی سنیارٹی لسٹ میں سرِفہرست تھے تاہم وزیراعظم نواز شریف نے بدھ کو اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود لیفٹیننٹ جنرل راحیل شریف کو نیا چیف آف آرمی سٹاف مقرر کر دیا۔
فہرست میں راحیل شریف سے اوپر ایک اور نام لیفٹیننٹ جنرل راشد محمود کا تھا جنہیں افواجِ پاکستان کا سب سے اعلیٰ مگر رسمی عہدے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی پر تعینات کر دیا گیا۔
Tags:
News