#BigThree for note voting to India - پی سی بی آئین معطل ، چیئرمین ذکاءاشرف کو عہدے سے ہٹادیاگیا


لاہور(روزنامہ پاکستان سے) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا گورننگ بورڈ تحلیل، آئین معطل کرکے چیئرمین ذکاءاشرف کو عہدے سے ہٹا دیا گیاہے تا ہم ذکاءاشرف کا کہنا تھا کہ وہ بدستور چیئرمین ہیں جبکہ نجم سیٹھی کو پی سی بی کا قائم مقام چیئرمین بنائے جانے کاامکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پیٹرن پی سی بی آئین کی ایک شق میں ترمیم کردی ہے جس کا بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے نوٹیفکیشن جاری کردیاہے ۔ بتایاگیاہے کہ پی سی بی کے معاملات چلانے کے لیے 11رکنی عبوری انتظامی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو آئندہ چند دنوں کے دوران عبوری کمیٹی پی سی بی ایڈہاک چیئرمین کا تقررکرے گی ۔ کمیٹی نجم سیٹھی ، شہریار خان ، ظہیر عباس ، نوید قمر، شکیل شیخ ، اقبال قاسم ، یوسف کھوکھر اور عامر طارق زمان پرمشتمل ہے ۔مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذکاءاشرف نے کہاکہ معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں ، باضابطہ طورپر آگاہ نہیں کیاگیا، نوٹیفکیشن ملنے کے بعد عدالت جانے یانہ جانے کافیصلہ کریں گے ۔اُن کاکہناتھاکہ فیصلے سے بگ تھری پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف مزید کمزور ہوسکتاہے ، فیصلے کا براہ راست فائدہ بھارت کو پہنچے گا۔جیونیوز کے مطابق اُنہوں نے کہاکہ وہ بدستور چیئرمین ہیں ، ایسافیصلہ نہیں ہوناچاہیے تھاتاہم جلد بازی میںہونیوالے حکومت کے فیصلے سے عہدے پر کوئی اثر نہیں پڑسکتا،پاکستان کی کرکٹ کو عالمی سطح پر مسائل میں جھونکا جارہاہے ، فیصلے پر باقاعدہ ردعمل کمیٹی کا رویہ دیکھ کر دوں گا۔ بتایاگیاہے کہ ذکااشرف پیر کو سنگاپور سے پاکستان پہنچے ہیں اور اُنہوں نے آج قومی ٹیم کااعلان کرناتھا۔ کمیٹی کے رکن شکیل شیخ نے بتایاکہ پی سی بی کا آئین معطل کرکے عمل دخل اور پابندیاں ختم کردی گئی ہیں ، چند دن میں وائیٹ پیپر جاری کریں گے اور کمیٹی کے اراکین میں سے ایک کو چیئرمین منتخب کرلیاجائے گا۔ اُنہوںنے کہاکہ وہ نجم سیٹھی اور وزیراعظم کے مشکور ہیں جنہوں نے ذکاءاشرف کو عہدے سے ہٹاکر کرکٹ کو بچالیا، ذکاءاشرف نے پاکستان کو تنہاکرنے کی کوشش کی ۔ماہرین کرکٹ گذشتہ چند روز کے دوران ہونیوالی دھڑا دھڑ تقرریوں پر بھی سوال اُٹھارہے ہیں اور امکان ظاہرکیاجارہاہے کہ تمام تقرریوں کو کالعدم قراردے دیاجائے گا۔یادرہے کہ اسلام آبادہائیکورٹ نے کچھ دن قبل ہی ذکا اشرف کو چیئرمین پی سی بی بحال کیاتھا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post