#Urdu #Ghazal - Ayenaa dekh kay aik aur tamasha dekho آئینہ دیکھ کے، ایک اور تماشا دیکھو
اپنے پیکر میں تیرا حُسنِ تمنّا دیکھو
آئینہ دیکھ کے، ایک اور تماشا دیکھو
اپنے پیکر میں تیرا حُسنِ تمنّا دیکھو
تم کو خوش آئی نہ شاید میری پلکوں کی نمی
دل میں اُترے ہو تو آؤ، میرا صحرا دیکھو
میری پیاسوں، میری آسوں، میری آنکھوں میں کبھی
میرے بَن، میرے گلستاں، میرے دریا دیکھو
نام لے کر میرا، تم اُس کو پُکارو تو سہی
اِس بھرے شہر میں جس شخص کو تنہا دیکھو
مَیں محبّت کے سفر میں نہیں بھٹکوں گا کبھی
اپنے قدموں سے چمکتا ہوُا رستہ دیکھو
مَیں اگر یاد نہ آؤں، تو چمن میں جا کر
شاخ کے ہاتھ سے گرتا ہوُا پتّہ دیکھو
Tags:
Urdu Poetry