فوربس میگزئن نے پیر کے روز دنیا کے ارب پتی افراد کی نئی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس نئی فہرست میں کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے ادارے مائیکروسافٹ کے شریک بانی بِل گیٹس ایک مرتبہ پھر دنیا کے امیرترین شخص قرار پائے ہیں۔
گزشتہ بیس برسوں کے دوران بِل گیٹس پندرہ مرتبہ دنیا کے امیرترین شخص قرار دیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ کچھ سالوں سے یہ اعزاز اُن سے میکسیکو کے ٹیلی کام شعبے میں ایک طرح سے اجارہ داری رکھنے والے کارلوس اسلِم ایلُو (Carlos Slim Helu) نے چھین لیا تھا۔ میکسیکن تاجر گزشتہ چار برسوں سے دنیا کے امیر تریں شخصیت تسلیم کیے جاتے رہے ہیں۔ فوربس کی بلینئر افراد کی تازہ فہرست کے مطابق اس وقت مائیکروسافٹ کے شریک بانی بِل گیٹس کی دولت کا حجم 76 بلین ڈالر ہے اور میکسیکن سوداگر اسلِم ایلُو کی دولت 72 بلین ڈالر کے مساوی ہے۔
فوربس کی لسٹ میں شامل تیسری امیر ترین شخصیت یورپی ملک اسپین سے تعلق رکھتی ہے۔ اور یہ خواتین و حضرات اور بچوں کے دلکش ملبوسات بنانے والے بڑے ادارے زارا کے مالک امانسیئو اورٹیگا (Amancio Ortega) ہیں۔ اورٹیگا گزشتہ کچھ برسوں سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ دولت رکھنے والے افراد کی صف میں تیسری پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں اور نئی درجہ بندی میں وہ اسی پوزیشن پر بدستور براجمان ہیں۔ چوتھی پوزیشن پر امریکی سرمایہ کار وارن بافیٹ ہیں جبکہ پانچویں پر ایک اور امریکی بزنس مین اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی فرم اوریکل کے چیف ایگزیکٹو لیری ایلیسن ہیں۔
میکسیکن تاجر ہیںکارلوس اسلِم ایلُو گزشتہ چاربرسوں سے دنیا کے امیر تریں فرد تسلیم کیے جاتے رہے ہیں
فوربس میگزین کے مطابق گزشتہ برس کے دوران ارب پتی (Billionaire) افراد میں خاصا اضافہ ہوا ہے اور اب ان کی دنیا بھر میں تعداد 1645 ہو گئی ہے۔ اگر اوسط نکالی جائے تو ہر ارب پتی 4.7 بلین ڈالر کا مالک بنتا ہے لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ سن 2012 میں یہ تعداد 1426 تھی اور ان کی اوسط دولت چار اعشاریہ دو بلین تھی۔ ایک سال کے اندر ارب پتی افراد کی تعداد میں 219 کا اضافہ ہوا اور اُن کی اوسط دولت 0.5 فیصد بڑھی ہے۔ ارب پتی خواتین کی تعداد میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب اُن کی تعداد 172 ہو گئی ہے۔ اِن سولہ سو سے زائد ارب پتیوں کی دولت کا کلب حجم 6.4 ٹریلین بنتا ہے۔
فوربس جریدے کے مطابق سولہ سو سے زائد ارب پتیوں میں کم از کم 1080 ایسے ہیں جنہوں نے اپنے بل بوتے پر دولت کماتے ہوئے خود کو دنیا کے اُمرا میں شامل کیا ہے۔ ان امراء میں 207 خاندانی دولت مند ہیں جبکہ 352 کو اپنی اجداد کی دولت کا کچھ حصہ ملا اور پھر انہوں نے کاروبار کو وسعت دے کر اربوں ڈالر کمائے۔ ان میں سب سے زیادہ کمانے والے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے بانی و سربراہ مارک زوکربرگ ہیں، جن کی دولت صرف ایک سال میں دوگنا ہوئی اور وہ اس وقت دنیا کے امیر کبیر افراد کی فہرست میں اکیسویں مقام پر ہیں۔
سب سے زیادہ ارب پتی افراد امریکا میں رہتے ہیں اور ان کی تعداد 492 ہے۔ امریکا کے بعد چین کا نمبر ہے اور وہاں 152 ارب پتی رہتے ہیں۔ تیسرے پر روس ہے جہاں 111 ارب پتی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ ارب پتیوں کے حامل ملکوں میں چار نئے ملک شامل ہوئے ہیں اور ان میں الجزائر، لیتھوونیا، تنزانیہ اور یوگنڈا
شامل ہیں۔
Source - DW.De