شیخوپورہ میں شوہر نے وحشیانہ تشدد کرتے ہوئے بیوی کی زبان، ناک اور ہونٹ کاٹ کر چارپائی سے باندھ دیا۔ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خاتون نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔
شیخوپورہ: (دنیا نیوز) شیخوپورہ میں وحشی پن کی انتہا کر دی گئی۔ شرقپور میں شفاقت نامی شخص نے اپنی بیوی کشور سلطانہ سے رقم کا مطالبہ کیا، انکار پر ملزم نے بھائی ارسلان اور والدہ نذیراں بی بی کے ساتھ مل کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ کشور سلطانہ نے شور مچایا تو ملزم نے اس کی زبان، ہونٹ اور ناک کاٹ ڈالے جس کے بعد اسے چارپائی سے باندھ کر تیز دھار آلے سے چہرے پر وار کرتا رہا۔ بہیمانہ تشدد کا نشانہ بننے والی کشور سلطانہ نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔ محلے داروں نے پولیس کو اطلاع دی تو ملزمان فرار ہو گئے۔ پولیس نے تینوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقتولہ کشور سلطانہ کے بھائی جبار اور بہن نے بتایا کہ ملزم شفاقت کام کاج نہیں کرتا تھا جبکہ مقتولہ لیڈی ہیلتھ وزیٹر تھی اور اپنی تنخواہ سے چار بچوں کو پال رہی تھی۔ پیسے لینے کیلئے ملزم اکثر اسے تشدد کا نشانہ بناتا اور آخر کار اس نے کشور سلطانہ کو مار دیا۔
http://urdu.dunyanews.tv
Tags:
News