کراچی (نوائے وقت) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے 11 مئی کو چلائی جانے والی تحریک غیر ضروری ہے۔ تحریک انصاف اب تحریک اقتدار میں بدلتی نظر آرہی ہے۔ کراچی کے شہریوں کو ہر ماہ دو سے تین نئی تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور یہاں انٹرنیشنل طرز کے فوارے اور دیگر تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ملک کے تمام اداروں کا احترام ہم سب پر لازم ہے سرکاری اور نجی اداروں کو اب متحدہوکر ملک کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔ کراچی کے شہریوں کو آئندہ ماہ کے اندر یومیہ 3 سے 4 لاکھ گیلن پینے کا صاف( منرل واٹر) فراہم ہونا شروع ہوجائے گا۔ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں سندھ حکومت نے سب سے پہلے اس کی حمایت کی اور اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے قانون سازی کی تھی۔ سفاری پارک میں ہاتھیوں کے لئے نئے انکلوژر کے افتتاح کے بعد آئندہ مالی سال کے بجٹ میں یہاں دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سفاری پارک کراچی میں ہاتھیوں کے لئے بنائے گئے نئے انکلوژر کے افتتاح کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی رئوف اختر فاروقی، سنئیر ڈائیریکٹر کلچر، اسپورٹس اینڈ ایکری ایشن ریحان خان، دائریکٹر سفاری پارک طارق رحمانی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے نئے انکلوژر کی تختی کی نقاب کشائی کی اور بعد ازاں فیتہ کاٹ کر اس نئے انکلوژز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سفاری پارک سمیت کراچی کے تمام پارکس اور چڑیاگھروں کے لئے مزید رقم بھی مختص کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی کے شہریوں کے لئے قائم کردہ پارکس اور تفریحی مقامات پر قبضہ مافیا کی جانب سے قبضے کئے گئے ہیں اور وہاں عوام کو تفریح کے مواقع میسر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام رفاعی پلاٹس اور عوام کے لئے پارکس اور تفریحی مقامات سے تجاوزات کے خاتمے کی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے اور سندھ حکومت ہر ماہ کراچی کے شہریوں کو تفریح کی غرض سے دو سے تین نئے پارکس اور دیگر سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔
Tags:
News