لاہور(عثمان شامی) پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں بھرپور آپریشن کا فیصلہ کرلیا ہے اور اِس ضمن میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، آپریشن کا مرکز میرانشاہ ، میرعلی اور تحصیل دتہ خیل ہوں گی جہاں چھ ہفتوں کے اندراپنے اہداف پورے کیے جائیں گے ، زمینی فوج کے علاقے میں داخلے سے قبل فضائی حملوں کے علاوہ دیگر ”آپشن “ بھی استعمال ہوں گے ۔اعلیٰ عسکری ذرائع نے بتایاکہ پاک فوج شمالی وزیرستان میں آپریشن کے لیے مکمل تیار ہے اور یہ آپریشن چھ ہفتوں کے لیے رہے گا، زمین فوج کو علاقے میں داخل کرنے سے قبل فضائی حملوں سمیت دیگر تمام آپشن استعمال کیے جائیں گے ، اس وقت شمالی وزیرستان میں تمام دہشتگرد اکٹھے ہوچکے ہیں ۔ ذرائع کاکہناتھاکہ شمالی وزیرستان کے تین علاقے میرعلی ، میرانشاہ اور دتہ خیل میں ابتدائی طورپرکارروائی کا مرکز رہیں گے جس میں ایک ڈویژن فوج استعمال ہوگی جو پہلے سے علاقے میں موجود ہے ۔ ذرائع نے خدشہ ظاہر کیاکہ آرمی کو سخت ردعمل کا بھی سامنا کرناپڑسکتاہے تاہم پاک فوج ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، مکمل تیاریوں اور سٹریٹجی کے ساتھ کارروائی ہوگی ۔ عسکری ذرائع کاکہناتھاکہ شمالی وزیرستان کے علاوہ شورش زدہ علاقوں میں بھی اپنی رٹ قائم کی ،ڈائیلاگ کرناحکومت کا کام ہے ، ہمار اکام حکومت کو مطلوبہ نتائج دیناہے، قوم کے اعتماد پر پورااتریں گے ،اتحادی افواج نے افغانستان میں بھی وہ نتائج نہیں دیئے جو پاک آرمی نے پاکستان میں دیئے ۔ اُنہوں نے بتایاکہ گذشتہ دنوں ہونیوالے فضائی حملوں میں نشانہ بننے والے 23میں سے 16ازبک باشندے تھے ، دہشتگردوں کو ”ہوا“ بنایاہواہے ، ختم کرنا کوئی بڑی بات نہیں ۔
Tags:
News