اسلام آباد:) پاک فوج نے حکومت کو باضابطہ طور پر بتایا ہے کہ بعض طالبان گروپوں کو افغان اور بھارتی انٹیلی جنس اداروں کی مدد حاصل ہے جبکہ امریکی انٹیلی جنس نے بھی مخصوص مقاصد کے لئے فنڈز مختص کردیئے ہیں۔ دریں اثناءچیف آف دی آرمی سٹاف نے فوج کے افسروں اور جوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ جنگی تیاریاں جاری رکھیں۔تفصیل مطابق بدھ کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم ہاﺅس میں وزیراعظم نو از شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور ، نئی قومی سلامتی پالیسی ، طالبان کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن ،مذاکرات اور قومی سلامتی سے متعلق معاملات پر بات چیت کی گئی۔ بعد میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام اور ڈی جی ملٹری آپریشنز میجر جنرل عامر ریاض بھی ملاقات میں شریک ہو گئے۔ اس موقع پر عسکری حکام نے ملک کی سیاسی قیادت کو دہشت گردی قومی سلامتی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شمالی وزیرستان کو آپریشن کی صورت میں4 سے 6 ہفتوں میں دہشت گردی سے پاک کیا جاسکتا ہے تاہم افغان حکومت آپریشن کو اپنے الیکشن ملتوی کرنے کا بہانہ بنا سکتی ہے اور آئی ڈی پیز کی افغانستان آمد کو بھی جواز بنا سکتی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آپریشن کے بعد شمالی وزیرستان میں بھی سوات کی طرح فوج کو مستقل بنیاد پر تعینات کرنا پڑے گا۔ مذاکرات نہ کرنے والے مسلح گروپوں کو مذاکرات کے حامی طالبان سے الگ کرنے کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ بعض طالبان گروپوں کو افغان انٹیلی جنس اور بھارتی خفیہ ادارے”را“ کی حمایت حاصل ہے جبکہ امریکی سی آئی اے کی طرف سے مخصوص مقاصد کے حصول کیلئے فنڈز مختص کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ملاقات میں طالبان سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔دریں اثناءچیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہاہے کہ پاک فوج وطن عزیزکو درپیش ہر طرح خطر ات سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، قوم کی حمایت سے ہر خطرے کو شکست دےں گے ،جوان اور افسران تربیت اور جنگی تیاریاں جاری رکھیں۔بدھ کو آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چیف آف دی آرمی سٹاف نے کوٹری کا دورہ کرکے وہاں جاری جنگی مشقوں کا معائنہ کیا۔ جنرل راحیل شریف نے فیلڈ فائرنگ اور کراچی کور کی مشق دیکھی۔ اس موقع پر جوانوں اورافسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کو درپیش ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے ہم عوام کی توقعات کے مطابق ہر خطرے کو شکست دے کر دفاع وطن یقینی بنائیں گے۔ دشمن سے نمٹنے کیلئے جدید بنیاد پر تربیت کو خصوصی اہمیت حاصل ہے جوان اور افسرہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تربیت اور جنگی تیاریاں جاری رکھیں۔
اشاعت روزنامہ پاکستان
Tags:
News