سکھر: روہڑی میں 70 سالہ ضعیف شخص نے 11 سالہ معصوم بچی سے شادی رچالی جب کہ محلے والوں کی شکایت پر پولیس نے بچی کو تحویل ميں لے کر بوڑھے کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق 2 ماہ قبل 70 سالہ ہدایت اللہ میرانی نے اپنی بیٹی کا رشتہ 11 سالہ سمیرہ کے بھائی طارق سے کروایا اور بدلے ميں خود سمیرہ سے شادی کرلی۔ شادی کے بعد محلے داروں کی شکایت پر پولیس نے چھاپہ مارکر سمیرہ کو اپنی تحویل میں لے کر طبی معائنہ کروایا جس کی رپورٹ 3 روز بعد آئے گی، معصوم بچی سے شادی کرنے والا 70 سالہ بوڑھا 8 بچوں کا باپ ہے۔
پولیس نے 11 سالہ بچی سے شادی کرنے کے جرم میں 70 سالہ ہدایت اللہ کو گرفتارتو کرلیا لیکن کسی قسم کا مقدمہ درج نہیں کی گیا،اس موقع پر ہدایت اللہ کا کہنا تھا کہ اس نے رواج کے مطابق وٹہ سٹہ ميں شادی کی ہے اور اس پر اسے کوئی شرمندگی نہیں۔
واضح رہے کہ 28 اپریل کو سندھ اسمبلی میں کم عمری کی شادی پر پابندی کا بل اتفاق رائے سے منظور کیا گیا تھاجس کے تحت 18 سال سے کم لڑکی سے شادی کرنے والے دلہا، ایسی شادی کے لئے سہولتیں اور انتظامات کرنے والے سرپرستوں یا والدین کو 3 سال قیدِ بامشقت کی سزا دی جائے گی جب کہ قانون کی خلاف ورزی ناقابل ضمانت جرم ہوگی۔
ایکپریس نیوز
Tags:
News