لاہور: گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک ک سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی سرپرستی میں توڑ پھوڑ کرنے والے گلو بٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں گاڑیوں کے شیشے توڑنے والے شخص گلو بٹ کو گرفتارکر کے اس کے خلاف فیصل ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ گلو بٹ کے خلاف دفعہ 506،427 اور 353 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ گلو بٹ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ پولیس کے لئے مخبری کرتا ہے جب کہ لاہور کے مختلف علاقوں میں گھروں اور فلیٹوں پر قبضہ کرنے والی مافیا کا رکن ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس کی جانب سے ماڈل ٹاؤن میں ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے باہر سے رکاوٹیں ہٹانے کے معاملے پر گلو بٹ کو گاڑیوں کے شیشے توڑتے دیکھا گیا اور پھر گلو بٹ کو ایس پی ماڈل ٹاؤن طارق عزیز اورعمر چیمہ سمیت متعدد پولیس افسران سے شاباش وصول کرتے وقت کے مناظر بھی کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کر لئے۔
ایکسپریس نیوز ویب
Tags:
News